بارہمولہ //بارہمولہ رائٹرز فورم کے زیرِ اہتمام پیر کے روز ڈاک بنگل بارہمولہ میں ایک روزہ ادبی کانفرنس اور پُروقار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع اور وادی کے ممتاز ادیبوں، شاعروں، دانشوروں، سینئر صحافیوں، قلمکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ادب و ثقافت کے فروغ، تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور ذمہ دار صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

محفلِ مشاعرہ کے دوران نامور شعراء نے اپنے تازہ کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ غزل، نظم اور دیگر اصنافِ سخن پر مشتمل شعری نشست میں شعراء نے سماجی ہم آہنگی، انسانی اقدار، محبت، امن اور ثقافتی روایات کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔ حاضرین نے شعراء کے کلام کو بھرپور داد و تحسین سے نوازا، جس سے محفل دیر تک ادبی رنگ میں ڈوبی رہی۔

تقریب کے اہم مرحلے میں سینئر صحافی، براڈکاسٹر اور بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (BWJA) کے چیئرمین حاجی کرامت قیوم کو شعبۂ صحافت میں ان کی نمایاں، طویل اور بے لوث خدمات کے اعتراف میں ’’شانِ صحافت ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا گیا۔ یہ اعزاز بارہمولہ رائٹرز فورم کی جانب سے انہیں صحافت کے میدان میں ان کی پیشہ ورانہ دیانت، عوامی مسائل کی مؤثر نمائندگی اور ذمہ دارانہ صحافتی کردار کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ ایوارڈ ملنے پر حاضرین نے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر بارہمولہ رائٹرز فورم کے صدر سمیت متعدد ادیبوں، شاعروں، ادبی شخصیات اور فورم کے سرگرم اراکین کو بھی ادب، ثقافت اور سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازی اسناد، شیلڈز اور یادگاری تحائف سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ادب کسی بھی مہذب معاشرے کی شناخت ہوتا ہے اور ادیب و شاعر معاشرے کی فکری رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو ادب، مطالعہ اور تخلیقی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ثقافتی ورثے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مقررین نے ذمہ دار اور غیر جانبدار صحافت کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہوتے ہیں، جو عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور سچائی کو سامنے لانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت اور ادب ایک دوسرے کے تکملہ ہیں اور دونوں شعبے ایک صحت مند، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارہمولہ رائٹرز فورم مستقبل میں بھی اس نوعیت کی ادبی و ثقافتی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا تاکہ نوجوان قلمکاروں اور شاعروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں اور علاقے میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

By SNSKASHMIR

Shaharbeen News Service Kashmir is a news service which covers, gathers, writes, and distributes news to newspapers, periodicals, radio and television broadcasters, government agencies, and other users. We at SNS Kashmir believe in fair and independent journalism to inform our masses or subscribers and readers about the happenings around the world. The prime focus of the news gathering and reporting is focused on Jammu and Kashmir state.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.